منگلورو 23؍ دسمبر (ایس اونیوز) برطانیہ (یوکے ) سے7دسمبر سے 22دسمبر کے دوران منگلورو اور اڈپی پہنچے ہوئے مسافروں سے رابطہ قائم کرکے محکمہ صحت نے ان تمام افراد کے گلے سے تھوک کا نمونہ حاصل کیا اور نئے کورونا وائرس کی موجودگی کا پتہ لگانے کے لئے بھیج دیا ہے۔
پتہ چلا ہے کہ اب تک ان میں سے تین افراد کی رپورٹ نگیٹیو آگئی ہے۔ان لوگوں کو 14دنوں تک ہوم کوارنٹین میں رکھا جائے گا۔اور جن کی رپورٹ پوزیٹیو آئے گی ان لوگوں کو علاج کے لئے اسپتال میں منتقل کیا جائے گا۔حکومت کی طرف سے جاری کی گئی نئی ہدایات کے مطابق23دسمبر سے ہی تمام بین الاقوامی مسافروں کے لئے آر ٹی پی سی آر ٹیسٹ کروانا لازمی ہوگا۔
جنوبی کینرا کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر رامچندرا بایاری نے بتایا کہ برطانیہ سے 56مسافر منگلورو پہنچے تھے اور وہ اپنے ساتھ کووڈ نگیٹیو ہونے کی رپورٹ بھی لائے تھے۔ لیکن پھر ایک مرتبہ ان سب کا ٹیسٹ کروایا جائے گا۔
یو کے سے اڈپی ضلع میں جو لوگ آئے ہوئے ہیں ان کو احتیاطی اقدام کے طور پر 14دن کے لئے ہوم کوارنٹین میں رکھا گیا ہے۔ اڈپی ضلع ہیلتھ آفیسر نے بتایا کہ’’ 21دسمبر کو یوکے سے 8مسافر اڈپی ضلع میں پہنچے تھے۔ اڈپی ، کنداپور اور کارکلا سے تعلق رکھنے والےان مسافروں کی جانچ کروائی گئی ہے اور رپورٹ نگیٹیو آئی ہے۔اگر ان کے اندر پھر کسی قسم کی علامات نظر آئیں تو دوبارہ ان کی جانچ کروائی جائے گی۔تمام آٹھ مسافروں کی 14دنوں کی ہوم کوارنٹین کی مدت ختم ہونے پر دوبارہ جانچ کروائی جائے گی۔ ‘‘
اس دوران یہ بات بھی معلوم ہوئی ہے کہ ریاستی حکومت کی طر ف سے ان تمام لوگوں کی نشاندہی کرنے کا کام ہورہا ہے جو 25نومبر کے بعد انگلینڈ سے کرناٹکا میں آئے ہوئے ہیں۔اس کے لئے منگلورواور بنگلورو کے انٹرنیشنل ایئر پورٹس سے ڈیٹا حاصل کیا جارہا ہے۔